جی بی حکومت کا زمینوں کی کمپینسیشن کے لیے 55 کروڑ روپے مختص
گلگت: گلگت بلتستان حکومت نے پہلی مرتبہ سالانہ ترقیاتی پلان برائے مالی سال 2024-25 میں زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگیوں کیلئے 63 کروڑ اور ٹھیکیداروں کے بقایاجات کیلئے 55 کروڑ کے منصوبوں کو شامل کیا ہے۔ ان اہم منصوبوں سے عرصہ دراز سے زمینوں کے معاوضوں کے منتظر اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے والے ٹھیکیداروں کی ادائیگی ممکن ہوں گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی قیادت میں صوبائی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پلان میں پہلی مرتبہ ترقیاتی سکیموں کے معاوضوں کی ادائیگیوں کیلئے 63 کروڑ کی خطیر رقم مختص کئے ہیں۔ واضح رہے کہ بہت سے ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کے سالوں بعد بھی ان منصوبوں کیلئے فراہم کئے جانے والے زمینوں کے معاوضے ادا نہ ہونے سے لینڈ ڈونرز مختلف دفاتر میں اپنے حق کیلئے چکر لگاتے تھے جن کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ حکومت گلگت بلتستان نے پہلی مرتبہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے زمین فراہم کرنے کے باوجود معاوضوں کی ادائیگیوں سے محروم حق داروں کیلئے 63 کا منصوبہ منظور کیا ہے۔مختلف ترقیاتی منصوبوں کا کام مکمل کرنے والے ٹھیکیداروں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کیلئے صوبائی حکومت نے 55 کروڑ کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پلان میں شامل کیا ہے۔ ٹھیکیداروں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کیلئے مختص 55 کروڑ کی رقم سے مختلف سکیموں کو مکمل کرکے عرصہ دراز سے ادائیگیوں کے منتظر ٹھیکیداروں کے بقایا جات کی ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔