میٹرک امتحانات میں سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج حوصلہ افزا،ایمان شاہ
گلگت : معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں میٹرک کے سالانہ نتائج جی بی کے سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں مگر نویں جماعت کے نتائج کی شرح بہت کم ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا میں سرکاری اداروں کے تعلیمی اداروں کے ذمہ داران پر تنقید کرتے ہوئے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ کہیں پر کوئی کمی کوتاہی ہوئی ہے تو فوری طور پر اس کو ٹھیک کیا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی غفلت یا لاپرواہی نہ ہو سکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ایمان شاہ نے کہا کہ نویں جماعت کے نتائج کم آنے کی وجہ فیڈرل بورڈ کا امتحانی نظام کو ایک دم تبدیل کرنا ہے جس وجہ سے فیڈرل بورڈ کا نویں جماعت کا مجموعی رزلٹ ہی 58 فیصد آیا ہے جو کہ گزشتہ زیادہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں تبدیلی کے باعث سرکاری تعلیمی اداروں کے نویں جماعت کے نتائج کم آنے ہیں۔ تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔