دیامرمیں آپریشن علاقے کے لوگوں کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف ہیں
گلگت بلتستان — فورس کمانڈر گلگت بلتستان، میجر جنرل کاشف خلیل نے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 100 سے زائد نوجوانوں اور صحافیوں سے سیمینار میں خطاب کیا۔
میجر جنرل خلیل نے ایک فکر انگیز تقریر کی اور نوجوانوں کے سوالات کے جوابات سکون سے دیے۔ یہ سیشن دو گھنٹوں سے زیادہ دیر تک جاری رہا۔ انہوں نے نوجوانوں کے اہم کردار کو بطور مشعل بردار اور تبدیلی کے نمائندے کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے پیشرووں سے ماضی میں غلطیاں ہوسکتی ہیں، لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے خلاف اپنے موقف پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کی جاری کوششوں پر بھی بات کی، یہ واضح کرتے ہوئے کہ دیامر ضلع گلگت بلتستان میں یہ آپریشن علاقے کے لوگوں کے خلاف نہیں بلکہ ان دہشت گردوں کے خلاف ہیں جنہوں نے پہلے بے گناہ مسافروں کو قتل کیا اور پھر ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کچھ عناصر معاشرے میں ریاست مخالف جذبات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع چار نکاتی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو کمزور کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر نوجوانوں کو ملکی معاملات سے آگاہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں مزید آن لائن سہولیات قائم کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا تاکہ نوجوانوں کو آن لائن مارکیٹنگ کے مواقع سے منسلک کیا جاسکے۔
سیمینار نے قومی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت اور خطے میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔