میٹرک کے ناقص نتائج پر گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں کمی
گلگت بلتستان کے تمام سرکاری مڈل اور ہائی سکول یکم اگست سے کھل جائیں گے۔ کلاسز 11 اگست 2024ء کی بجائے یکم اگست 2024ء سے شروع ہوں گی۔
گلگت:گلگت بلتستان کے تمام سرکاری مڈل اور ہائی سکول یکم اگست سے کھل جائیں گے۔ کلاسز 11 اگست 2024ء کی بجائے یکم اگست 2024ء سے شروع ہوں گی۔ ڈائریکٹر جنرل سکولز فیض اللہ لون کی طرف سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام سالانہ امتحان 2024ء میں گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں کے ناقص رزلٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سطحوں پر ہونے والی میٹنگوں کے نتائج، بات چیت اور رہنما اصولوں کے مکمل تجزیے کی بنیاد پر اعلیٰ حکام کی جانب سے گلگت بلتستان بھر میں اگست 2024ء کے پہلے ہفتے کے دوران گریڈ 8، 9 اور 10 کے تمام مضامین کا اندرونی امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امتحان کا نتیجہ اگلے سال کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے ایک بنیاد طے کرے گا۔ مجاز اتھارٹی نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کی 2024ء کی گرمیوں کی تعطیلات صرف گریڈ 8، 9 اور 10 کے لیے دس دن کے لیے کم کرنے پر راضی کیا ہے۔