عوامی مسائل حل کرنے کیلئے صوبے میں جاری میگا پروجیکٹس کی بروقت تکمیل ضروری ہے،وزیراعلیٰ

اسلام آباد (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے صوبے میں جاری میگا پروجیکٹس کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ گلگت بلتستان میں سب سے بڑا چیلنج بجلی بحران کا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو بجلی بحران کی وجہ سے بہت سے مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے منفی اثرات معیشت پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ عطاء آباد پاور پروجیکٹ، شغر تھنگ پاور پروجیکٹ انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے ہیں ان منصوبوں کی ٹائم لائن یقینی بنانے کیلئے درکار فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے داریل تانگیرایکسپریس وے کامنصوبہ معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھنے والے علاقہ ہنزہ کے عوام کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔ لہٰذا گریٹر واٹر سپلائی سکیم ہنزہ اور داریل تانگیر ایکسپریس وے کی بروقت تکمیل کیلئے بھی بلاتعطل فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ان اہم منصوبوں کے ثمرات بروقت عوام کومیسر آئیں۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بجلی بحران پر شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت گلگت ، سکردو اور چلاس میں سولر پاور پروجیکٹس کے ذریعے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ لہٰذا سولر پاور پروجیکٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کی بروقت ریلیز کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن نے کہاکہ گلگت، سکردو اور چلاس میں پاور پروجیکٹس کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کو خصوصی سفارشات پیش کریں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں