پاک چین سرحدی علاقے سوست میں تاجروں کے احتجاج کا 8واں دن
گلگت (سٹاف رپورٹر) پاک چین سرحدی علاقے سوست میں تاجروں کے احتجاج کو 8 دن گزر گئے۔ تاجروں نے گلگت بلتستان میں ٹیکس چھوٹ پر چیف کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر ایف بی آر اور کسٹم حکام کے خلاف دھرنا دیا ہوا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ق گلگت بلتستان کے سابقہ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مقبول ولی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل شہہ رگ گلگت بلتستان ہے اور کسٹم حکام شہہ رگ میں سوراخ کرنے کے درپے ہیں۔متنازعہ خطہ کہہ کر 75سالوں سے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور حقوق دئے بغیر ہی ہر قسم کے ٹیکسوں کا نفاذ اور گلگت بلتستان میں کسٹم کلکٹریٹ کا قیام غیر قانونی ہے۔جب تک گلگت بلتستان کو پاکستان کے آئین کے مطابق پاکستان کا مکمل حصہ قرار نہیں دیا جائے گا اس وقت تک سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق عوام کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی ٹیکس کی وصولی کے خلاف مزاحمت کرتے رہیں گے۔اگر کسٹم حکام اپنے اقدامات سے پیچھے نہیں ہٹے تو گلگت بلتستان کی ہر گلی سے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔پاکستان کے مقتدر حلقوں اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے جی بی کے کسٹم حکام اور ایف بی آر کو غیر قانونی ٹیکس کے نفاذ سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔