تاجروں کے احتجاج میں شدت، شاہراہ قراقرم بلاک کرنے کا فیصلہ
گلگت:سوست بارڈرپرٹیکس وصولی کے خلاف تاجروں کے احتجاج میں شدت آگئی ہے اورتاجروں نے کسٹم حکام کوعدالتی فیصلے پرعملدرآمد کے لئے ڈیڈلائن دیتے ہوئے فیصلہ کیاگیا ہے کہ عدالت کے فیصلے کی روشنی میں معاملات حل نہ کئے گئے تو شاہراہ قراقرم بلاک کردی جائے گی۔بیگیج ٹریڈ ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس صدر ٹریڈ ایسوسی ایشن شیخ محمد اسماعیل کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر کسٹم حکام نے پیر تک عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا تو کے کے ایچ بلاک کرکے احتجاج ہوگا۔ اجلاس میں چیئرمین ایسوسی ایشن ہدایت علی کوآرڈینیٹر زوار یاور حسین۔ سینئر نائب صدر حاجی ارشاد علی۔ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی و ایسوسی ایشن کے سابق صدر وسیم بادامی۔شیرباز علی۔مقبول ولی نے شرکت کی اجلاس میں سوست بارڈر میں جاری صورتحال پر تفصیل سے گفتگو اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔اجلاس میں متفقہ طور پر تمام ایسوسی ایشنز کی مشترکہ کور کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کور کمیٹی احتجاج کے حوالے سے جو اعلان ہوا ہے اسکے مطابق پیر کے دن تک معاملات حل نہ ہونے کی صورت میں کے کے ایچ روڈ بلاک کرکے احتجاج کیاجائے گا۔ گلگت بلتستان کسٹم حکام آئین کی بجائے ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہر قسم کے ٹیکسوں کے نفاذ سے بازنہیں آئے تو یہ احتجاج اب ضلع ہنزہ سے نگر اور نگر سے گلگت تک پہنچ جائے گا۔اجلاس میں کہاگیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی توہین کرتے ہوئے کسٹم حکام سیلز ٹیکس تو پہلے سے جبرا جی بی کے عوام سے وصول رہے ہیں اور اب گلگت بلتستان کی اعلی عدالت کے احکامات بھی نہیں مان رہے ایسی صورتحال میں ایسوسی ایشن وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے اور کسٹم حکام کو پاکستان کے ٹیکس نیٹ میں آنے والے حصے کوہستان کے مقام منتقل کیا جائے۔جب گلگت بلتستان والے سیاسی حقوق کی بات کرتے ہیں تو گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دیتے ہیں لیکن جب ٹیکس کی بات آتی ہے تو کسٹم قوانین کو گلگت میں نافذ کررہے ہیں۔اس صورتحال سے گلگت بلتستان کے عوام میں بہت بے چینی ہے ایسوسی ایشن فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور ملک عزیز کی مقتدر اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کرتی ہے کہ اس معاملے پر آئین پاکستان پر عملدرآمد کروانے میں کردار ادا کریں۔اجلاس میں بارڈر پاس کے حامل جوانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ آج اتوار کے روز سوست کے مقام پر جمع ہو جائیں اگر کسٹم حکام نے پیر تک عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا تو کے کے ایچ بلاک کرکے احتجاج ہوگا