گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر پر ریلیاں
گلگت (سٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان بھر میں 5 اگست یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔تمام اضلاع میں منعقدہ ریلی کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی،انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔مرکزی تقریب گلگت گھڑی باغ میں منعقد ہوئی،اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بینظیر چوک سے گھڑی باغ تک ریلی بھی نکالی گئی جس میں سرکاری حکام، سماجی شخصیات اور طلبہ نے شرکت کی۔ادھر سکردو،گھانچے،کھرمنگ،شگرمیں بھی 5 اگست یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔
سکردو مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ سکردو کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس میں پرچم کشائی کی
تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا،کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم ، ڈی آئی جی بلتستان رینج ڈی سی سکردو طیب سمیع سمیت ضلعی محکموں کے سربراہان، میڈیا کے نمائندے,سول سوسائیٹی اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں محکمہ پولیس کی جانب سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بعداذاں ڈپٹی کمشنر سکردو کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سکردو کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس سےہائی سکول نمبر 1 تک یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے شاندار ریلی نکالی گئی، جس کا مقصد کشمیر پر بھارتی ریاستی دہشتگردی اور ظلم بربریت کے خلاف مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا.
ہائی سکول نمبر 1 سکردو میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سکول کے طلبا و طالبات اور مقررین نے مظلوم کشمیر بہن بھائیوں کے حق میں خطاب کیا۔علاہ ازیں روندو انتظامیہ نے5 اگست یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک ریلی نکالی،جس میں اسسٹنٹ کمشنر روندو سعادت علی چنگیزی,مختلف محکموں کے زمہ داران،تاجر برادری ,میڈیا کے نمائندے ,سول سوساٹی سمیت دیگر شریک ہوئے۔ ریلی کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر آفس روندو سے شروع ہوا جوکہ مین JSR سے ہوتے ہوئے حاجی کیمپ جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ بوائز ڈگری کالج خپلو میں بھی یوم استحقاق کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ تقریب کی قیادت ڈپٹی کمشنر گھانچے نے کی اور اس میں سرکاری افسران، طلبا، اساتذہ اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے تقاریر کی گئیں۔ اس تقریب میں گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے جاری جدوجہد اور غیر متزلزل حمایت کو اجاگر کیا گیا۔شگر میں بھی یوم استحصال ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی کی قیادت میں ریلی کے ساتھ منایا گیا۔اس تقریب میں حکومتی عہدیداروں، سول سوسائٹی کے ارکان اور رہائشیوں نے شرکت کی، سبھی نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی ریاستی جبر کی مذمت کی۔