وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات،سوست بارڈر کے مسائل اور تاجروں کے مطالبات پر بات چیت
اسلام آباد۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے معاون خصوصی برائے انڈسٹری اینڈ ڈیزاسٹرمینجمنٹ محمد علی قائد اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین ایوب وزیری کے ہمراہ چیئرمین ایف بی آرامجد زبیر ٹوانہ سے سوست پاک چائنہ بارڈر کے مسئلے، عوام اورتاجروں کو درپیش مشکلات پر ایک انتہائی اہم اور مثبت ملاقات کی ہے۔گلگت بلتستان کے تاجروں اور عوام کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے دیگر ممبران کے ہمراہ چیئرمین ایف بی آر کو اس دیرینہ مسئلے بابت تفصیلی طور پر آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان ایک حساس خطہ ہے اورحکومت پاکستان نے اس ضمن میں اس خطے کو ایک خصوصی حیثیت دی ہوئی ہے گلگت بلتستان میں دیگر صوبوں کی طرح بہت سے ٹیکس اور اسکے قوانین لاگو نہیں ہوتے دوسری جانب گلگت بلتستان کے تاجروں کو 1985 میں ہونے والے معاہدے کے تحت چین سے تجارت کرنے والوں کیلئے خصوصی بارڈر پاس کا اجراء کیا جاتا ہے جس کے تحت گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والا تاجر بغیر کسی ٹیکس کے چین سے سامان لا اور لے جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور ممبران نے واضح کیا کے سوست بارڈر سے آنے والا سامان چونکہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی جاتا ہے اس بناء پر تاجر اور ٹیکس عملے کے مابین گزشتہ تین دہائیوں سے متفقہ طے پانے والے فارمولے کے مطابق ٹیکس ادا کیا جاتا رہا ہے اور نظام چلتا آیا ہے مگر بد قسمتی سے ٹیکس نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یک لخت کاروائی اور صوبائی حکومت اور مقامی تاجروں کو اعتماد میں لئے بغیر کئے جانے والے فیصلوں کے سبب گزشتہ کئی ماہ سے سوست بارڈر پر کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں اور تاجروں کو سخت مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جسکا فوری حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور ممبران نے اس بات پر زور دیا کے ضرورت اس امر کی ہے کہ فی الحال فوری طور پر ان پھنسے ہوئے کنٹینرز اور سامان کو کلیئر کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں جبکہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے مل بیٹھ کر ایک موثر اور ٹھوس پالیسی مرتب کی جائے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ اور ممبران نے چند سفارشات بھی پیش کی ہیں۔ اس موقع پر چیرمین ایف بی آر نے متعلقہ سینئر حکام کو طلب کیا اور واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اس دیرینہ مسئلے کو فوری حل کرنے اوراس مسئلے کے حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فریقین کو قابل قبول پالیسی وضح کی جائے چیئرمین ایف بی آر نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور ممبران کو یقین دلایا کہ اگلے ایک دو روز میں ہم مل کر اس مسئلے کا حل نکال لیں گے اور گلگت بلتستان کی تاجر برادری کو درپیش مشکلات دور کریں گے۔