گلگت بلتستان کے مسائل کا حل وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

اسلام آباد، 7 اگست: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مسائل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے اختیارات کو بروئے کار لائیں گے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں گلگت بلتستان کونسل میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دنیا کا اعلیٰ سیاحتی مقام بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے خطے کی معدنیات اور گلگت بلتستان کی ہائیڈل دولت پر بھی روشنی ڈالی اور اسے ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی کوششوں کا عہد کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خصوصی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے تاجروں کے مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کو گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل اور جی بی امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور جی بی چیمبرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں زوم پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان، سیکرٹری قانون جی بی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں