عامل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بہبود کے لیے حکومت گلگت بلتستان کا تاریخی اقدام!
٭محمد سلیم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ، حکومت گلگت بلتستان٭
گلگت بلتستان حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں رواں مالی سال کے بجٹ میں عامل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے دس کروڑ کی خطیر رقم انڈومنٹ فنڈ کے لئے مختص کی جا چکی ہے جس کا اولین مقصد خطے میں صحافت کے شعبے سے وابستہ عامل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ کی منظوری دیئے جانے کے بعد میڈیا کی نمائیندہ تنظیموں ، یونین آف جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور صوبائی حکومت کے فیصلے کو خوش آئیند قرار دیا گیاہے۔ موجودہ معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے اس اقدام کی مدد سے اخبارات و دیگر میڈیا پلیٹ فارمز سے منسلک افراد کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا۔ حا ل ہی میں محکمہ اطلاعات نے مقامی اخبارات کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین کو ان کے اداروں کی جانب سے کم سے کم طے شدہ اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیئے ضروری اقدامات بھی کئے ہیں۔ یونین آف جرنلسٹس اور دیگر میڈیا تنظیموں کے دیرینہ مطالبات کی روشنی میں صوبائی حکومت اور محکمہ اطلاعات کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدمات کو مقامی اور ملکی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں انڈومنٹ فنڈ کے قیام کے لیے قانونی مسودے (گلگت بلتستان جرنلسٹس انڈومنٹ فنڈایکٹ 2024) کو حتمی شکل دینے اور اہلیت کے معیار کو طے کرنے کے لئے حتمی مراحل طے کئے جا رہے ہیں۔ انڈومنٹ فنڈ کا قانونی مسودہ تیار کیا جا چکا ہے جس کو منظوری کے لئے متعلقہ فورم کے سامنے جلد پیش کیا جائے گا۔ (یاد رہے کہ صوبائی حکومت دس کروڑ روپےکی خطیر رقم پہلے ہی مختص کر چکی ہے۔)
اس تاریخ ساز فیصلے کے بعدمحکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے اخباری صنعت اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ عامل صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کے لیے ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کے لئے حتمی اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ اس ضمن میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں کام کرنے والے میڈیا ورکرز و عامل صحافیوں سے ان کے کوائف منگوائے جا چکے ہیں اور تمام متعلقہ پریس کلبز اور یونین آ ف جرنلسٹس کے صدور نے رجسٹرڈ ممبرز کی فہرستیں محکمہ اطلاعات کو ارسال کردی ہیں۔ یاد رہے کہ محکمہ اطلاعات نے حال ہی میں تمام علاقائی اخبارات سے منسلک نمائیندوں اور نامہ نگاروں کی فہرستیں بھی حاصل کی ہیں ۔ اخبارات کی جانب سے فراہم کردہ ملازمین (رپورٹرز /نامہ نگاروں) کی تفصیلات یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلبوں کو بھیج دی گئی ہیں۔ یہ اقدام عامل صحافیوں کی تصدیق کے لیے سکروٹنی میں معاون ثابت ہوگا تاکہ حقیقی میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو محکمہ اطلاعات کی جانب سے ایکریڈیشن کارڈز جاری کئے جا سکیں۔ یاد رہے کہ صوبائی حکومت کے انڈومنٹ فنڈز سے ایکریڈیشن کارڈز کے حامل صحافی اور میڈیا ورکرز مستفید ہو سکیں گے ۔ پاکستان بھر میں میڈیا سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبو د کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مختلف اقدامات اٹھاتی ہیں ، پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخواہ اور دیگر صوبوں میں اخبارات اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ کام کرنے والے افرا د کو معاشی مشکلات سے بچانے کے لئے انڈومنٹ فنڈ ز کی مدد سے اقدامات کئی برسوں سے جاری ہیں۔ پنجاب میں جرنلسٹس سپور ٹ فنڈ کی مدد سے صحافیوں کے علاج معالجے سمیت بچوں کی تعلیم کے لئے مالی امدا د کی جاتی ہے۔ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے صحافت کے شعبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تاریخی قدم اٹھایا ہے تاکہ میڈیا سے منسلک ورکرز کی مالی مشکلات کو دور کیا جاسکے۔ صوبائی حکومت کا عزم ہے کہ وہ صحافیوں کی مالی مشکلات کا حل تلاش کرے گی اور ان کی کم از کم تنخواہوں کو بنیادی اجرت کے برابر لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔ حکومت کی جانب سے صحافت اور میڈیا انڈسٹری کی فلاح و بہبود کی یہ کوششیں ایک مثبت قدم ہیں، جو نہ صرف صحافیوں کی مالی حالت کو بہتر بنائیں گے بلکہ صحافتی معیار کو بھی بلند کریں گے۔ ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء کے بعد عامل صحافیوں کی درخواستوں کی روشنی میں ان کی مالی امداد کی جائے گی تاکہ فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت گلگت بلتستان کی کوشش ہے کہ صحافت دوست اقدامات کے زریعے خطے میں کام کرنے والے میڈیا ورکرز کی بہبود کا انتظام یقینی بنا یا جاسکے۔ اس اقدام سے صحافت کے شعبے میں پہلے سے کام کرنے والے اور نئے میڈیا گریجویٹس کے لیئے صحافت کو بطور پیشہ منتخب کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ صوبائی حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ مقامی صحافی مشکل اور ناگزیر حالات میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیتے ہیں اور عوامی شعور و آگاہی کے لیے کام کرتے ہیں، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام ایک مثالی اقدام ہے۔