بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ بجٹ 2024-25 میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے پالیسی کے مطابق معاوضوں کی ادائیگیوں کیلئے رقم مختص کی ہے۔ گزشتہ سال سیلاب سے ہونے والے متاثرہ علاقوں میں متاثرہ فورسز سے ایمرجنسی نافذ کرنے کے باوجود بحالی کے کام شروع نہیں ہوئے اور جو بحالی کے کام ہوئے ان کی بھی ادائیگیاں نہیں ہوئی۔

وزیر اعلیٰ نے فنانس ایکٹ کے تحت قائم کمیٹی کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے تحت منظور شدہ منصوبوں کا وزٹ کریں اور اس حوالے سے اپنی رپورٹ متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا پالیسی کے تحت تخمینہ لگایا جائے اور سمری تیار کرکے کابینہ اجلاس میں پیش کریں۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو فعال اور ادارے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے محکمہ سمری تیار کرے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے پاس جمع کرائیں۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے ڈیزاسٹرمینجمنٹ محمد علی قائد، سیکریٹری مواصلات و تعمیرات، سیکریٹری برقیات، ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنرزنے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں