گلگت بلتستان اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے اشتراک سے یوتھ لیڈر کانفرنس،گلگت بلتستان میں پائیدار ترقی اورقیام امن پر زور دیا گیا
گلگت(پریس ریلیز)محکمہ یوتھ افیئرز و سوشل ویلفیئر گلگت بلتستان اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے اشتراک سے یوتھ لیڈرز کانفرنس 2024 کا انعقاد کیا گیا،جس میں گلگت بلتستان میں پائیدار ترقی اور قیام امن پر زور دیا گیا۔
یوتھ لیڈرز کانفرنس 2024ء کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق،معاون خصوصی یوتھ افیئرز و کامرس ذبیح اللہ،معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ، کوآرڈینیٹر برائے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منظور بگورو،سیکریٹری محکمہ امور و نوجوانان، سوشل ویلفیئر فدا حسین،ودیگر شریک تھے۔
مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں گلگت بلتستان کا بھائی بن کر قومی اسمبلی میں آپ کے حق میں ضرور آواز اٹھاؤں گا۔انشاء اللہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے اور پانچواں صوبہ بن کے رہے گا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پہاڑ جتنے اونچے ہیں، اس سے کہیں ذیادہ بلند یہاں کے نوجوانوں کا حوصلہ ہے۔گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور عوام کا خلوص قریب سے دیکھنے کا موقع دینے پر حکومت گلگت بلتستان کا مشکور ہوں۔انہوں نے گلگت بلتستان یوتھ پالیسی کے قیام پر صوبائی حکومت اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے ایوان میں بیٹھ کر میں آپ کے لیئے بات کروں گا۔نوجوان قوموں کی طاقت ہوا کرتی ہے،جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،نوجوانون میں کیرئیر کونسلنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمت خالق کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا امن،ترقی اور مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔خطے کے نوجوانوں میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں،ملک کے دوسرے صوبوں کی نسبت گلگت بلتستان کا نوجوان ٹیلنٹڈ ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت کو یوتھ کے مسائل کا ادراک ہے،پائیدار حل کیلئے صوبائی حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہی ہے،جس کا مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ ایک مضبوط ہاتھوں میں ہے،اس میں کوئی دو رائے نہیں اور اس حوالے سے کوئی بھی غلط فہمی میں نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے یوتھ نے کیا کردار ادا کیا ہے،اپنے اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے،خطے کی تعمیر وترقی کیلئے یوتھ تمام تر تفرقہ بازیوں سے بالاتر ہوکر یکجا ہو جائیں اور ایک دوسروں کا بازو بنے،تاکہ خطہ ترقی کے منازل طے کرسکے۔ممبر گلگت بلتستان اسمبلی فتح اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی طاقت یہاں کی یوتھ ہے۔گلگت بلتستان واحد خطہ ہے، جہاں علیحدگی کی کوئی تحریک نہیں ہے،ہم وفادار خطے کے لوگ ہیں۔حکومتوں کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری نوجوانوں پر بھی عائد ہوتی ہے،کہ وہ تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔کسی بھی خطے کی تعمیر وترقی امن کے ساتھ مشروط ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری محکمہ امور و نوجوانان، سوشل ویلفیئر فدا حسین نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا محکمہ نوجوانوں کے بہتر مفاد اور مستقبل میں اپنے پاؤں پر کھڑا رکھنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
کانفرنس کے آخر میں معاون خصوصی یوتھ افیئرز و کامرس ذبیح اللہ نے اپنے اختتامی کلمات میں مہمانان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم گلگت بلتستان کی طرح بلوچستان میں بھی ایک یوتھ سمٹ کا انعقاد کریں گے۔کانفرنس سے سابق چیئرمین سی ایم ٹاسک فورس ساجد میر،کنسلٹینٹ یو این ڈی پی الطاف حسین و یوتھ ممبران نے بھی خطاب کیا۔