پولو کھلاڑیوں کے اعزاز میں گورنر گلگت بلتستان کی طرف سے عشائیہ
گلگت (پریس ریلیز) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے جشن آزادی پولو ٹورنامنٹ میں شریک تمام پولو ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا۔ عشائیے میں خصوصی طور پر چترال سے آئے ہوئے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا گیا۔ گورنر سید مہدی شاہ نے چترال اور گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں علاقوں کے درمیان کھیلوں کے میدان و دیگر شعبوں میں بہترین تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ گورنر نے چترال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے گلگت بلتستان کے ٹورنامنٹ میں شرکت کو دوستی اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ایسے مواقع سے دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان روابط اور تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے تمام کھلاڑیوں کو عشائیے میں شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں بھی اس قسم کے مقابلے دونوں خطوں کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت دیں گے۔