گلگت بلتستان حکومت کی گاڑیاں صوبے سے ٹرانسفر ہونیوالے افسران کے زیر استعمال ،وزیراعلیٰ کی برہمی

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ضبط کی گئیں ٹمپرڈ گاڑیوں کی سرکاری محکموں میں تقسیم کی پالیسی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام شعبوں میں کفایت شعاری کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف سرکاری مقاصد کےلئے ہونا چاہئے۔ صوبے سے ٹرانسفر ہوکر جانے والے آفیسران کے زیر استعمال بھی حکومت گلگت بلتستان کی گاڑیاں موجود ہونے کی شکایات مل رہی ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضرورت کے مطابق مجاذ آفیسران کو صرف سرکاری مقاصد کےلئے گاڑیاں دی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ضبط شدہ گاڑیوں کی تقسیم قانونی طریقہ کار اور پالیسی کے مطابق قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کرے۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ضبط شدہ گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سمیت متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ادھروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2021 سے 2023 تک سیلاب سے گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقے زیادہ متاثر ہوئے ، متعلقہ فورم سے ایمرجنسی نافذ کرنے کے باوجود ان متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام کرنے والوں کو معاوضوں کی ادائیگیاں نہیں ہوئی جس کی وجہ سے سیلاب متاثرین کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ محکموں میں بعض سرکاری ملازمین کی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کام کرنے کی وجہ سے حکومتی امداد اور بحالی کےلئے منتظر سیلاب متاثرین اب تک دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو مخصوص وابستگیوں ،پسند اور ناپسند سے بالاتر ہوکر میرٹ پر کام کرنا چاہئے۔ متعلقہ فورم سے منظوری کے باوجود گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام اب تک مکمل نہیں ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سال 2021-22،سال 2022-23 اور سال 2023-24میں سیلاب کی وجہ سے جن علاقوں میں مکانات متاثر ہوئے ہیں حکومتی پالیسی کے تحت متاثرین کو ان کے گھروں کا معاوضہ جلد سے جلد دیا جائے اور گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں بحالی کے کام مکمل ہوئے ہیں ان کی ادائیگی یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پیرزادہ شجاع عالم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ سمیت متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں