چلاس میں خوفناک آتشزدگی، 70مکانات راکھ کا ڈھیر بن گئے

  چلاس:چلاس میں گزشتہ رات کے آخری پہرمیں خوفناک آتشزدگی سے70 گھر جل کر راکھ ہوگئے، مقامی لوگوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔تفصیلات کے مطابق چلاس کے نواحی علاقہ نیاٹ ملدوکس گائوں میں گزشتہ رات آتشزدگی سے 70 گھر ،کھڑی فصلیں،میوہ جات اور ہر قسم کی جمع پونجی جل کر خاکستر ہوگئی، گائوں کے لوگ اچانک لگنے والی آگ پر قابو نہ پا سکے اور بھاگ کرا پنی جانیں بچائیں،اس افسوس ناک آتشزدگی سے گائوں میں رہائش پذیر 70گھرانے بے گھر ہوچکے ہیں، ملدوکس گائوں چلاس شہر سے 50کلومیٹر دور وادی نیاٹ میں واقع ہے جہاں روڈ اور کمیونیکیشن نہ ہونے کی وجہ سے آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جاسکا جس کی وجہ سے آگ پھیلتی گئی اورسب کچھ جل کر بھسم ہوگیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم اب تک آتشزدگی کے وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں،متاثرہ فراد کے مطابق گائوں میں بجلی کا نظام بھی نہیں ہے اور آگ اچانک بھڑکی اس لئے کہا جاسکتا ہے کہ یہ واقعہ شرپسندی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔آتشزدگی سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے،علاقہ چلاس شہر سے دور ہونے کی وجہ سے ریسکیو کا عمل بھی کئی گھنٹوں تک متاثر رہا اور  امدادی سرگرمیاں بھی دیر سے شروع کی گئیں۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر دیامر کو فوری طور پر متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرین نیاٹ ملدوکس کو حکومتی پالیسی کے مطابق امداد دی جائے گی،ابتدائی طور پر وزیر اعلیٰ نے متاثرین کی بحالی کیلئے خوراک،ٹینٹ اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقے کی طرف روانہ کرنے کے احکامات دیئے جس پر عملدرآمد شروع کردیاگیادوسری طرف فلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی متاثرین کی مالی امداد کی جارہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں