چار سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم
گلگت(سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 4 مختلف سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشنز منعقد کروانے کی ہدایت کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کے حکم پر الیکشن کمشنر عابد رضا نے4سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے نام لکھے گئے خطوط جاری کئے ہیں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر آغا علی رضوی’ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ’ پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمن اور پاکستان تحریک انصاف کے سنٹرل انفارمیشن سیکرٹری روف حسین کے نام لکھے گئے الگ الگ خطوط میں الیکشن کمیشن کے خط نمبر ELC- 1(44)/2021، مورخہ 1 اکتوبر 2021 اور اس کے بعد 8 مارچ 2024 اور 30 اپریل، 2024 کی یاد دہانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن-208-209 اور 215 کے تحت الیکشن رولز 2017 کے رول 158 کے تحت سیاسی جماعت اپنے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہے۔ جو کہ پہلے سے الاٹ شدہ انتخابی نشان کو برقرار رکھنے / برقرار رکھنے کے لیے قانون کے تحت ایک لازمی شرط ہے۔ مقررہ قانونی دفعات کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے سیاسی جماعت کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے اور اس کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے گا جس سے وہ پارٹی گلگت میں آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے نااہل ہو گی۔ متعدد خطوط کے باوجود مطلوبہ معلومات کا ابھی تک انتظار ہے۔ لہذا سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ سیاسی پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات کے ساتھ متعلقہ دستاویزات اور گلگت بلتستان میں دفتری رکاوٹوں کی تفصیلات برائے مہربانی سیکشن 208 کی تعمیل کرتے ہوئے مختصر وقت کے اندر الیکشن کمیشن کو بھیجی جائیں۔