حسن نصراللہ اسلام کے سچے مجاہدتھے،حفیظ الرحمن

گلگت(پ ر)سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے حزب اللہ کے سربراہ شہید فلسطین سید حسن نصراللہ کو بھر پور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید سید حسن نصراللہ اللہ کے سچے مجاہد تھے جنھوں نے حزب اللہ کے جہادی فورم سے صرف اسرائیل ہی کو نہیں بلکہ دنیا کے ہر اس طاغوت کو شکست دی جو اسرائیل کا حواری تھا اور فلسطینی ریاست کا دشمن تھا۔شہید حسن نصراللہ نے اپنے عظیم جذبہ جہاد’ ناقابل تسخیر عزم اور بیت المقدس سے اپنی ایمانی تحریک سے اسلام کی عظمت اور جہاد فی سبیل اللہ کا جہاں حق ادا کیا وہاں دنیا پر ثابت کردیا کہ اللہ کا ایک سچا مجاہد ساری دنیا کے طاغوت کو شکست دے سکتا ہے اور اللہ کا ایک سچا مجاہد تمام اہل اسلام کی نمائندگی کا تاج پہن کر طاغوت کو رسوا کرسکتا ہے۔ آج شہید سید حسن نصراللہ اللہ اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور شہادت کا تاج پہن کر سرخ رو ہوگیا۔سابق وزیراعلی حفیظ الرحمن نے مزید کہاکہ حسن نصراللہ تاریخ اسلام اور تاریخ انسانیت میں کامیاب ہو گیا ہے۔آج شہید حسن نصراللہ جہاد اسلام کی عظیم جدوجہد کا استعارہ بن چکا ہے اور حریت انسانی کی سب بڑی معتبر دلیل بن کر اسلام اور انسانیت کے ماتھے پر چمک رہا ہے جبکہ اسرائیل اور اسکے حواری عالم انسانیت کے کے سامنے حریت انسانی کے مجرم ہیں۔ آج ہم تحریک حریت فلسطین کے اس عظیم مجاہد کو انکے جہادی تحریک کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اسرائیل اور اس کے حواریوں کے فلسطین میں اسلام اور انسان دشمن ظالمانہ اقدامات بھرپور مزمت کرتے ہیں۔آج ہم حزب اللہ’ حماس اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے شہادت کی سعادت حاصل کرنے والے ہر ہر مجاہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔بے شک شہید اللہ رب العزت کے معزز ہیں اور اللہ رب زوالجلال کے انعام عظیم کے حقدار ہیں۔اللہ رب العزت شہید اسلام سید حسن نصراللہ اور انکے رفقا کو عظیم درجات سے نوازے۔ آمین۔ حافظ حفیظ الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کی ضلعی کابینہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں شہید اسلام سید حسن نصراللہ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کریں اور اسرائیل کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ انہوں نے حکومت گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہید اسلام سید حسن نصراللہ کو سرکاری سطح پر خراج عقیدت پیش کریں اور گلگت بلتستان میں سرکاری سطح پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں