حسن نصراللہ کی شہادت، گلگت، سکردو میں مظاہرے، بلتستان میں آج ہڑتال کا اعلان
گلگت،سکردو(نامہ نگار،چیف رپورٹر) گلگت اور سکردو میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی حملے کے خلاف شدید احتجاج کیا،انجمن امامیہ بلتستان نے آج ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ،حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر گلگت میں آئی ایس او کے زیراہتمام اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان الحسینی نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے ، دشمن یہ نہ سمجھے کہ حسن نصر اللہ کی شہادت سے ہم خوفزدہ ہوجائیں گے بلکہ شہید کی موت مزاحمتی تحریکوں کو جلا بخشتی ہے ،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان مجلس وحدت مسلمین غلام عباس نے کہا کہ اسرائیل کی زبانی مذمت کے بجائے اسلامی ممالک کی حکومتوں کو عملی اقدامات کرناچاہیں ، آئی ایس او گلگت ڈویژن کے صدر عمار حسن نے کہا کہ حسن نصراللہ کی شہادت فلسطینیوں کی تحریک میں نئی روح پھونکے گی،ادھرسکردو میں حسن نصراللہ کی شہادت پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے ،مختلف علاقوں سے جلوس یادگار چوک پہنچے،اس موقع پر امریکہ اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور حسن نصر اللہ کے مشن پر چلتے ہوئے امت مسلمہ کی حفاظت کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کا عزم کیا گیا ،جلسے سے سید باقر الحسینی سید علی رضوی شیخ ذوالفقار علی انصاری شیخ فدا ذیشان اور دیگر نے خطاب کیا اور کہاکہ امت مسلمہ متحد ہے علمائے کرام کے حکم پر اسلام دشمن قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہونگے آج بلتستان بھر سے لوگ قافلوں کی شکل میں جامع مسجد کا رخ کریں گے بلتستان میں تین روزہ سوگ ہوگا کوئی خوشی اور تفریحی پروگرام نہیں ہوگا آج بروز اتوار کو ہزاروں لوگ جامع مسجد سکردو میں جمع ہونگے جہاں سے سب لوگ ریلی کی شکل میں یادگار چوک پر آئیں گے اور تاریخی احتجاج ہو گا،ا س موقع پر انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حملے کے خلاف آج بلتستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی جائے گی۔