گلگت پڑی بنگلہ میں 10بیڈ ہسپتال کا افتتاح
گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پڑی بنگلہ میں 10 بیڈ ہسپتال کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کی پسماندگی دور کرنا،عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانااور بنیادی سہولیات ان کے دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پڑی بنگلہ، سئی بالا اور چھموگڑھ پر مشتمل الگ تحصیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے تحصیل کے قیام سے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ لینڈ ریفارمز کا مسئلہ آئندہ ایک مہینے میں حل کریں گے۔ زمینوں کی ملکیت قانونی طریقے سے گلگت بلتستان کے عوام کو دی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پڑی بنگلہ 10 بیڈ ہسپتال میں 2ڈاکٹرز کی تعیناتی اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے احکامات دیئے۔ پڑی بنگلہ کے عوام کو درپیش پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پڑی بنگلہ 10 بیڈ ہسپتال کا افتتاح کیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے عمائدین جگلوٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جگلوٹ کے عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ صحت، تعلیم اور پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات حل کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر عوامی ضرورت کو مدنظر رکھ کر گریٹر واٹر سپلائی سکیم اور چکرکوٹ تا جگلوٹ 2کلو میٹر روڈ کے پی سی ون کی ریویجن کیلئے بھی محکمہ پلاننگ کو احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے عمائدین کے مطالبے پر ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ جگلوٹ میں گراؤنڈ کی توسیع کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جگلوٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جائیگا۔