وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کیلئے ہمارے پاس منظم اور مضبوط فوج ہے، شمس الحق لون
وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کیلئے ہمارے پاس منظم اور مضبوط فوج ہے، شمس الحق لون
پوری دنیا میں طاقوتی طاقتیں چن چن کر مسلمان رہنماوں کو نشانہ بنا رہی لیکن پاکستان کے مضبوط دفاع کی وجہ سے دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، وزیر داخلہ
گلگت : وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے کہا ہے کہ ملک عزیز پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری بہادر اور منظم فوج اور انٹلی ایجنسیوں نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے اور 25 کروڑ عوام اپنی بہادر فوج کے پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ دنیا بھر میں طاقوتی طاقتیں چن چن کر مسلمان رہنماوں کو شہید کر رہی ہیں اور حال ہی میں حزب اللہ کے سربراہ کو اسرائیل نے شہید کیا۔ ہم حسن نصراللہ سمیت اسماعیل ہنیہ اور دیگر مسلمان رہنماوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہیں اور مسلمان ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملی یکجہتی اور اتفاق کا مظاہرہ کریں اور دشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط فوج سمیت بہترین ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے تگ و دو کریں ۔ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے محفوظ ہے اور جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے اور ہماری قوم اپنے بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔