ملک بھر کی طرح بلتستان ڈویژن کے تمام اضلاع میں27 اکتوبر “بلیک ڈے” کے طور پر منایا گی
ملک بھر کی طرح بلتستان ڈویژن کے تمام اضلاع میں27 اکتوبر “بلیک ڈے” کے طور پر منایا گیا۔ اس تاریخی موقع پر ہر ضلع کے ہیڈکوارٹرز میں مختلف پروگرامز اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا، جن کی قیادت متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنرز نے کی۔
اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سکردو اور محکمہ تعلیم سکردو کے تعاون سے بوائز ہائی سکول نمبر 1 سے ایک ریلی نکالی گئی جو مین شاہراہ سے گزرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس سکردو پہنچ کر تقریب کی شکل اختیار کی۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن (ر) عارف احمد نے کی۔ اس دن کی مناسبت سے مقررین نے اپنے خطاب میں 27 اکتوبر 1947 کو انڈیا کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے پر روشنی ڈالی۔ انڈیا کی کشمیریوں پر ہونے والی زیادتیوں کو سختی سے مذمت کی۔ اور اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرارداد کی روشنی میں کشمیر کے عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ مقررین نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمیں اپنے صفحوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
گانچھے میں بھی یوم سیاہ جوش و خروش سے منایا گیا، قلم چوک سے مرکزی بازار خپلو تک ریلی نکالی گئی ریلی میں طلبہ، سرکاری ملازمین، میڈیا نمائندوں اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ مکمل حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر زور دیا اور آزادی کے حصول تک ساتھ دینے کا عہد کیا۔
ضلعی انتظامیہ شگر کے زیراہتمام یوم سیاہ(Black Day) کشمیر کے حوالے سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر شگر اصغر خان احمد نے کی۔ ریلی میں شگر کے سرکاری محکموں کے سربراہان کے علاوہ سول و آرمی ریٹائرڈ آفسران، علما و عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ٔنے ہاتھوں میں بینرز ،پلے کارڈ، کشمیری جھنڈے، اور پاکستانی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ یوں توتاریخ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے اور مظلوم کشمیریوں پر جبرواستبداد سے بھری پڑی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شگر نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ان کی اوپر ہونے والے ظلم و ستم کو ہم نہ بھولے ہیں اور نہ کبھی بھولیں گے ہم سب اس پرچم کے سائے تلے ایک ہیں جب بھی ضرورت پڑے گی ہماری عوام ہر قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اسی طرح ضلع کھرمنگ اور سب ڈویژنل انتظامیہ روندو میں بھی ریلیاں اور تقاریب کا۔انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے عمائدین، معززین،اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بلتستان ڈویژن کے تمام اضلاع میں اس بلیک ڈے کے منانے کا پیغام واضح تھا کہ ہم اپنی کشمیری بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آزادی کے لئے ان کی جدوجہد کی دل و جان سے حمایت کرتے رہیں گے۔