14 اگست 1947 کو کلمے کی بنیاد پر پاکستان کا اعلان ہوا تھا۔ یہاں کے غیور باسیوں نے ایک نظریہ کلمے کی بنیاد پر ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ایف سی این اے زیر اہتمام یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو یکم نومبر یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور کمانڈر ٹین کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز، فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل امتیاز حسین گیلانی ودیگر کو سرزمین شہداء آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔14 اگست 1947 کو کلمے کی بنیاد پر پاکستان کا اعلان ہوا تھا۔ یہاں کے غیور باسیوں نے ایک نظریہ کلمے کی بنیاد پر ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ گلگت سکاؤٹس او ر ہمارے آباؤ اجداد نے رنگ، نسل اور مسلک سے بالاتر ہوکر ایک متحد قوم کا ثبوت دیا۔ یہاں کے غیور عوام نے بے سروسامانی کے عالم میں ڈوگرہ راج کو ختم کرکے انقلاب کا اعلان کیا۔ قابض ڈوگرہ گورنر برگیڈیئر گھنسارا سنگھ کو گرفتار کرکے گورنر ہاؤس پر آزادی کا پرچم سربلند کیا۔ یہاں کے باسیوں نے 16 نومبر 1947 کو ایک آزاد ریاست کے تسلسل کے بجائے غیر مشروط طور پر پاکستان میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور آج بھی اس خطے میں ریاست کے آئین میں باقاعدہ ضم ہونے کے مطالبات چل رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یکم نومبر 1947 کو گلگت اور دیگر علاقے آزاد ہوئے، 14اگست 1948 کو بلتستان آزاد ہوا اور 1952 میں داریل تانگیر کے علاقے شامل ہوئے۔ یوں یہ تین علاقے باہم یکجا ہو گئے، جسے آج ہم گلگت بلتستان کہتے ہیں۔ یہ خطہ پہلے کی طرح آج بھی ایک عالمگیر حیثیت اور اہمیت رکھتا ہے۔ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور صاف پانیوں کا مرکز ہے۔ ہم تحمل، ذمہ داری، حب الوطنی، امن، برداشت اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقی کے نئے منازل طے کرسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ محب وطن اور جفاکش ہیں۔ یہ شہداء اور غازیوں کی سرزمین ہے، ملک کیلئے ان کی بے مثال قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ آج ہم سب یہاں اس لئے جمع ہیں کہ ہم اپنے شہداء، غازیوں اور اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس دور کو یاد کریں جب ہم ڈوگرہ کیخلاف متحد تھے۔ ہمارا اتحاد اور امن دنیا کیلئے مثالی تھا۔ آئیے آج کے دن کی مناسبت سے عہد کریں کہ ہم سب پھر سے متحد ہوکر گلگت بلتستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں۔ دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے پرامن گلگت بلتستان و پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں۔ اللہ ہمیں صحیح معنوں میں آزادی کی قیمت جاننے کی توفیق دے۔ میں جنگ آزادی کے غازیوں اور شہداء کے ورثاء کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس تقریب میں شرکت کرکے تقریب کو رونق بخشی۔