وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نےجلال آباد بوائز ہائی اسکول افتتاح کردیا
گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے جلال آباد دورے کے موقع پر بوائز ہائی سکول اور گرلز ہائی سکول کے نئے عمارتوں کا افتتاح کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے عمائدین جلال آباد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت سے نزدیک ہونے کے باوجود جلال آباد کو صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں نظرانداز کیا گیا۔ ہماری حکومت جلال آباد کے عوام کو درپیش مسائل حل کرے گی اور یہاں کے
عوام کے محرومیوں کاازالہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گرلز ہائی سکول کے زیر التواء منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جلال آباد میں بوائز ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں خالصہ سرکار کو ختم کرنا شامل تھا ہم نے اس ایجنڈے کو آگے بڑھایا اور لینڈ ریفارمز ایکٹ تیار کیا ہے جس کی کابینہ سے منظوری ہوئی اور جلد اسمبلی سے اس ایکٹ کو منظور کیاجائے گا اور زمینوں کی ملکیت گلگت بلتستان کے عوام کو دی جائے گی۔ تمام فیصلے میرٹ پر کئے جارہے ہیں۔ وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا جارہاہے۔
بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محمد آباد30 بیڈ ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی ایچ سنٹر کو بہت جلد فعال کیا جائے گا۔ محمد آباد ہسپتال اور کالج میں پانی کے حوالے سے درپیش مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور محمد آباد ہسپتال میں میڈیکل سپیشلسٹ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔